مہاجر کیمپ کے دورے سے معروف سنگر کا دل بھر آیا
لندن4جون(آئی این ایس انڈیا)اسلام قبول کرنے والے برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار یوسف اسلام المعروف کیٹ اسٹیونسنے یورپ آنے والے مہاجر بچوں کے مقدر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔یوسف اسلام کی اس مہم کا آغاز اُن کے ایک نئے سولو گیت کے اجرا سے ہوا ہے اور انہوں نے ایک چیریٹی یا خیراتی کانسرٹ کے منصوبہ کا بھی اعلان کیا ہے۔یوسف اسلام کے اس نئے گیت کا عنوان ہے He Was Aloneاور اس گیت کو ایک ویڈیو کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔اس ویڈیو میں ایک لڑکے کو دکھایا گیا ہے جو اپنے فیملی سے محروم ہو چُکا ہے۔ یہ لڑکا ایک سڑک حادثے میں انتقال کر جاتا ہے اور انتقال کے بعد اس کے پاس سے ایک پتھر برآمد ہوتا ہے جس پر عربی کا ایک لفظ ولد یعنی بیٹا لکھا ہوتا ہے۔بہبود اطفال کے ادارے ’’سیو دا چلڈرن‘‘کے اندازوں کے مطابق گزشتہ برس اپنے بل بوتے پر یورپ آنے اور اس کٹھن سفر کے دوران اپنی فیملی سے محروم ہو جانے والے مہاجر اور تارک وطن بچوں کی تعداد 95ہزار ہے۔ستاسٹھ سالہ یوسف اسلام جو 60اور 70کے عشرے میں اپنے گیت مون شیڈو اور وائلڈ ورلڈ کے سبب غیر معمولی طور پر مقبول ہوئے تھے، کا کہنا ہے کہ یورپی آنے والے مہاجرین کے مسائل اور اس بحران کے ساتھ اُن کی وابستگی کی وجہ بحران زدہ عرب ملک شام کے نزدیک جنوبی ترکی کے سرحدی علاقے میں قائم مہاجر کیمپ کا اُن کا دورہ بنا۔ وہ کہتے ہیں،اتنے بڑے انسانی المیے سے دوچار انسانوں کو خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہنا اور ان کے لیے کچھ نہ کرنا میرے لیے بہت ہی مشکل تھا۔یوسف اسلام ان مہاجر بچوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی اس مہم کے بارے میں وہ کہتے ہیں،میں دنیا بھر کے انسانوں کے دلوں کے دریچے کھولنا چاہتا ہوں تاکہ وہ ان لاتعداد مہاجر بچوں کے غم و الم کا احساس کر سکیں، اُن کم سن بچوں کے غموں کو جانیں جن کی آوازیں نہیں سُنی جاتیں۔ جنگوں اور بحرانوں کے سبب پیدا ہونے والے پناہ گزینوں کے المیے سے دوچار یہ بچے اپنے وطنوں سے بہت دور ہوا کے شعلے دار جھونکوں سے لڑ رہے ہیں۔کیٹ اسٹیونس نے 1977ء میں اسلام قبول کر لیا تھا اور تب سے وہ یوسف اسلام کہلاتے ہیں۔ انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہوتے ہی موسیقی کو ترک کر دیا تھا۔ وہ تقریبا 30سال سے میوزک کی صنعت سے دور ہو چُکے ہیں۔ اُن کا گیت He Was Alone اور 14جون کو لندن میں ہونے والے کانسرٹ اُن کی اُس وسیع تر مہم کا حصہ ہیں، جو یوسف اسلام نے you are not alone کے نام سے یورپ آنے والے مہاجر بچوں کے لیے شروع کی ہے۔یوسف اسلام نے سن 2000میں ایک فلاحی مہم small kindness کے نام سے شروع کی تھی، جس کا مقصد دنیا بھر میں انسانی امداد کی فراہمی تھا اور اس مہم میں چیریٹی سیو دی چلڈرن اور Penny Appealمل کر مہاجر بچوں کے لیے فنڈ جمع کر رہے ہیں۔دبئی میں مقیم یوسف اسلام کا کہنا ہے،میں نے اپنی آواز کے ذریعے دنیا بھر کے انسانوں کو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ ہر ایک مہاجر، خاص طور سے مہاجر بچوں کے لیے اپنے دل اور دروازے کھولیں۔ یہ مہاجر بچے اپنے اُس مستقبل سے نا اُمید اور نا مراد ہو چُکے ہیں جس کا خواب شاید انہوں نے کبھی دیکھا ہو گا۔